ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’بی جے پی حکومت نے ڈائن مہنگائی کو بنایا گھر جمائی‘، کانگریس نے جاری کیا کتابچہ

’بی جے پی حکومت نے ڈائن مہنگائی کو بنایا گھر جمائی‘، کانگریس نے جاری کیا کتابچہ

Tue, 01 Feb 2022 00:42:07    S.O. News Service

نئی دہلی،یکم فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) بی جے پی حکومت میں لگاتار بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری کو لے کر کانگریس حملہ آور رخ اختیار کیے ہوئے ہے۔ اسی ضمن میں 31 جنوری کو کانگریس جنرل سکریٹری اور ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے ایک کتابچہ جاری کر مہنگائی کے ایشو پر مودی-یوگی حکومت پر شدید حملہ کیا۔ ’مہامہنگائی-بھاجپا لائی‘ نام سے تیار کتابچہ یوپی کانگریس ہیڈکوارٹر میں جاری کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی حکومت نے ڈائن مہنگائی کو گھر جمائی بنا لیا ہے۔‘‘

رندیپ سنگھ سرجے والا نے اس موقع پر میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مودی اور یوگی حکومتیں جس عوام کے نمک کی قسم کھا کر اقتدار میں آئیں، اس کی قیمت بھی آج دوگنی ہو گئی ہے۔ ایک طرف لوگ مہنگائی کی آگ میں جھونکے جا رہے ہیں تو گزشتہ سات سالوں میں بی جے پی کی ملکیت 780 کروڑ روپے سے بڑھ کر 4850 کروڑ روپے ہو گئی ہے۔ اتنا ہی نہیں، بی جے پی کے ’متر‘ روزانہ 1000 کروڑ روپے کما کر لاکھوں کروڑ میں پہنچ گئے ہیں۔ بی جے پی حکومت کا نیا ماڈل ہے ’پونجی پتیوں کو سینچو، نوکری پیشہ-متوسط طبقہ سے کھینچو‘۔

کانگریس لیڈر نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت میں تھوک مہنگائی 12 سال کی اعلیٰ سطح 14.23 فیصد تک پہن گئی ہے اور خوردہ مہنگائی دسمبر میں بڑھ کر 5.59 فید ہو گئی ہے۔ خوردنی اشیاء، پٹرول-ڈیزل، سی این جی، رسوئی گیس، سیمنٹ، اسٹیل کی قیمتوں اور ریل کرایہ میں گزشتہ سات سالوں کے دوران ہوئے اضافہ کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں مہنگائی بڑھنے کی سب سے بڑی وجہ پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہونا ہے۔ پٹرول-ڈیزل پر زیادہ ٹیکس لگا کر حکومت نے 24.5 لاکھ کروڑ روپے کمائے ہیں۔

رندیپ سرجے والا نے کسانوں کے ساتھ پیش آ رہے مسائل کا بھی تذکرہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’کسان سمان ندھی‘ کے نام پر کسانوں کو 6000 روپے دینے والی مودی حکومت کی پالیسیوں کے سبب زراعت کی لاگت 30 ہزار روپے فی ہیکٹیر بڑھ گئی ہے۔ اس اضافی لاگت کے پس پشت حکومت نے کسانوں کی جیب سے 17.5 لاکھ کروڑ روپے نکالے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے یہ بھی متنبہ کیا کہ اتر پردیش میں انتخاب کے بعد روزمرہ کے استعمال کی چیزوں کی قیمتیں پھر بڑھیں گی۔


Share: